قومی دفاع

پاکستان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی فوج کی بربریت پرشدید احتجاج

نیویارک:(اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں نوجوان حریت رہنما برہان وانی کی شہادت ماورائے عدالت قتل ہے بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کے موضوع پر خصوصی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارت کے مظالم کے باوجود کشمیری عوام غیرملکی تسلط سے آذادی کےلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے جس کا کشمیریوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں وعدہ کیا گیا تھا۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت نہ دینے کے نتیجے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئی ہیں جبکہ نوجوان حریت رہنما برہان وانی کو ماروائے عدالت قتل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام کے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینا ہی کشمیر کے مسئلے کا حل ہے۔ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کے مستقل مندوب سید اکبرالدین نے جنرل اسمبلی میں الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والی مثال پر عمل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے جب کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف روایتی ہرزہ سرائی کوبھی نہ بھولتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے ملک کو حقوقِ انسانی کی بات زیب نہیں دیتی جو ’دہشت گردی کو ریاستی پالیسی‘ کے طور پر استعمال کرتا ہے۔