اسلام آباد:(آئی این پی) پاکستان نے ایران سے ’’را‘‘ کے ایک اور ایجنٹ راکیش عرف رضوان کی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایرانی وزارت داخلہ کو رینفرنس بھجوایا ہے،2 صفحات پر مشتمل اس ریفرنس کا عنوان بھارتی جاسوس کی گرفتاری اور سبوتاژ سرگرمیاں ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کے ذریعے بھجوائے گئے اس ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ کلبھوشن یادیو عرف حسین مبارک پٹیل اربوں ڈالر کی پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کی کوشش میں تھا، ایران وہاں موجود ’’را‘‘ کے ایک اور ایجنٹ راکیش عرف رضوان کو پاکستان کے حوالے کرے اور دونوں کے ایران میں رابطوں اور ’’را‘‘ نیٹ ورک کی معلومات بھی دی جائیں۔ ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران ’’را‘‘ کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کو سنجیدہ طور پر دیکھے، پاک ایران سرحد کی خود مختاری کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، توقع ہے کہ ایران پاکستان مخالف سرگرمیوں کا سخت نوٹس لے کر انہیں بند کر ائے گا۔