اسلام آباد (آئی این پی) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا بھارت سے سڑک کے راستے افغانستان کے لئے بھارتی سامان کی نقل و حمل کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت سے پہلے بھارت نے سڑک کے راستے افغانستان کے لئے گندم برآمد کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس افغانستان سامان پہنچانے کیلئے سمندری اور فضائی راستے بھی موجود ہیں اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی بجائے اگر وہ سمندر کے راستے بھی افغانستان کے لئے گندم بھیجتا تو یہ اب تک وہاں پہنچ چکی ہوتی۔ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کے خلاف الزام تراشی کا کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دیتا انہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کے بارے میں آواز اٹھاتا ہے لیکن وہ مقبوضہ کشمیر میں خود بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔