اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان نے بھارت کو گرفتار راء افسر کلبھوشن یادو تک رسائی دینے سے انکار کر دیا ۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہم منصب کو دو ٹوک بتا دیا کہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے ، کلبھوشن سے تحقیقات جاری ہیں ۔ راء کی پاکستان میں مداخلت تعلقات کی بہتری میں بڑی رکاوٹ ہے ۔ نئی دہلی میں پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات ، بھارت نے را ء افسر کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی مانگ لی ۔ قومی سلامتی کا معاملہ ہے ، رسائی نہیں دے سکتے ، پاکستان کا صاف انکار ، پاک بھارت تعلقات میں بہتری مسلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ۔ دنیا نیوز سے گفتگو میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان بالخصوص بلوچستان اور کراچی میں راء کی دہشتگردی کا معاملہ اٹھایا گیا ۔ بھارتی ہم منصب کو کہا گیا ہے کہ کلبھوشن یادو تک ابھی رسائی دینا ممکن نہیں ۔ بھارت کو اس مقصد کے لیے پہلے تحریری درخواست دینا ہوگی ۔ سیکرٹری خارجہ نے سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی کردار کرنل پروہت کی رہائی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقاتی رپورٹ پاکستان کے حوالے کی جائے ۔ ملاقات میں پاک بھارت جامع مذاکرات کی بحالی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ بھارتی سیکرٹری خارجہ کو بتایا گیا کہ را کی پاکستان میں مداخلت دو طرفہ تعلقات کی بہتری میں رکاوٹ ہے ۔