واشنگٹن:(اے پی پی)امریکا نے پاکستان کے جوہری مواد کی حفاظت کے حوالے سے ترمیمی قرار داد کی توثیق کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا ایک بریفنگ میں کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے 21 مارچ کو کئے گئے اعلان کو خوش آئند سمجھتاہے، جس میں 2005 میں ہونے والے کنونشن میں جوہری موادکی طبعی حفاظت کے فیصلے کی توثیق کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ اس طرح کے اقدامات سے اگلے ہفتے ہونے والی جوہری حفاظتی کانفرنس کامیاب ہوسکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا،اگر پاکستان ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی تنظیم کے ساتھ کاغذی کارروائی مکمل کرلے تو صرف آٹھ مزید ممالک سے اس کی توثیق کرانا ہوگی جس سے یہ قرار دادعملی طور پر اپنا کام شروع کردے گی۔ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی تنظیم میں پاکستا ن کی مستقل سفیر عائشہ ریاض نے IAEAکے ڈائریکٹر کو توثیقی کاغذات جمع کراتے ہوئے کہا کہ اس قرار داد کی توثیق اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دارایٹمی ریاست ہے، جس نے بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔