نئی دہلی(آئی این پی)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ پاکستان کو نقصان پہنچا ہے اورپاکستان نے 50ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے،دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنا ہوگا،دہشتگرد پاک بھارت تعلقات کو متاثر کر رہے ہیں،دہشتگردوں اورانتہاپسندوں سے جنگ کوئی قوم اکیلے نہیں جیت سکتی، انتہا پسندی کی جڑ پر وار کرنے کی ضرورت ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری جو بھارت کے دورے پر ہیں نے نئی دہلی کی آئی ٹی یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگرد پاک بھارت تعلقات کو متاثر کر رہے ہیں،دہشتگردی سے سب سے زیادہ پاکستان کو نقصان پہنچا ہے اورپاکستان نے 50ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے۔جان کیری نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے چند لوگوں اسکی اپنے طور پر تشریح کرتے ہیں جودرست نہیں ۔انھوں نے کہاکہ دہشتگردوں اورانتہاپسندوں سے جنگ کوئی قوم اکیلے نہیں جیت سکتی ،انتہا پسندی کی جڑ پر وار کرنے اور دہشتگردی کی مختلف وجوہات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔جان کیری نے کہاکہ دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنا ہوگا،بارک اوباما اور بھارتی وزیراعظم مودی کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ہے اور بھارتی وزیراعظم کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔انھوں نے کہاکہ آجکل بعض ممالک مسائل کا حل طاقت سے تلاش کرتے ہیں،امریکا اور بھارت نے عالمی اصول پسندی کی پاسداری کی ہے،جنوبی بحیرہ چین کے سمندر میں تنازع کا فوجی حل نہیں ہے،امریکا جنوبی چین کے سمندر میں تنازع پر اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہوگا۔بعد ازاں امریکی وزیرخارجہ نے آئی ٹی یونیوسٹی کے طلباء سے بھی ملاقات کی ۔