اسلام آباد:(آئی این پی )پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت میں ایک بار پھر رکاوٹ کا سامنا ہے ، امریکی کانگریس نے طیاروں کی خریداری کے لئے مدد دینے پر پابندی لگا دی ہے ، ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی فروخت کے لئے گزشتہ ماہ امریکی سینیٹ کی منظوری کے باوجود کانگریس نے منظوری دینے سے انکار کر دیا ، صدر براک اوباما کی انتظامیہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لئے پاکستان کو ان طیاروں کی فروخت کی منظوری دی تھی ، امریکی محکمہ خارجہ کے ایک افسر کے مطابق اوباما انتظامیہ اب بھی ان طیاروں فروخت کے حق میں ہے لیکن اس کے لیے امریکی پیسہ خرچ نہیں کیا جا سکتا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کانگریس کے اس فیصلے سے پاکستان کے لئے لڑاکا طیاروں کا حصول مشکل ہو گیا ہے ۔ امریکا نے پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لئے 74 کروڑ بیس لاکھ ڈالر فوجی امداد کا بل کانگریس میں پیش کیا تھا جسے روک دیا گیا ۔ اس میں سے 43 کروڑ ڈالر طیاروں کی خریداری کے لئے ملتے اور باقی 27 کروڑ ڈالر پاکستان کو ادا کرنا پڑتے ، لیکن اب پاکستان کو طیاروں کیلئے 70 کروڑ ڈالر خود خرچ کرنا پڑیں گے ۔ ایف سولہ طیاروں کی فروخت روکنے کے لئے بھارت نے بھی لابنگ کی تھی جبکہ امریکی کانگریس کے کچھ ارکان نے بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا استعمال صرف بھارت کے خلاف ہو سکتا ہے ۔