اسلام آباد (ملت + اے پی پی) قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے دفاع کے چئیرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ پاکستان میزائل اور روائیتی ہتھیاروں کی ٹیکنالوجی میں بھارت سے کئی گنا آگے ہے۔ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور یہ اسلحہ کی دوڑ میں شامل ہونے کا خواہشمند نہیں ۔تاہم خطے کے حالات کے پیش نظر اپنے دفاع کا حق محفوط رکھتا ہے۔شیخ روحیل اصٖغر نے بھارت کی جانب سے گزشتہ روز کئے گئے پرتھوی میزائل تجربہ کے حوالے سے کہا کہ ہندوستان جتنے بھی تجربات کر لے وہ اس بات سے باخبر ہے کہ پاکستان میزائل اور روایتی ہتھیاروں کی ٹیکنالوجی میں بھارت سے کئی گنا آگے ہے اور یہ کریڈٹ پاکستان کے سائسدانوں اور انجینئروں کو جاتا ہے جنھوں نے محدود وسائل کے باوجود ملکی دفاع کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی تخلیق کی ہے جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جاتاہے۔ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افغانستان کے اندرونی حالات کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ وہاں اس وقت تک قیام امن ممکن نہیں جب تک امریکا نہ چاہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی میرین کی افغانستان میں موجودگی سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ افغانستان میں قیام امن سے زیادہ خطے پر نظر رکھنے میں دلچسپی رکھتاہے۔ شیخ روحیل نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنے اندرونی حالات کی جانب توجہ دے کیونکہ موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت ترقی کی منازل تیزی سے طے کر رہا ہے اور یہ سفر جاری رہنا چاہیے۔