بیجنگ// راولپنڈی(آئی این پی)چین کی اعلی سیاسی اور عسکری قیادت نے اس عز م کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدابہار ہے، اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد کیلئے مل کر کام کریں گے اور پاکستان کی خود مختاری،سلامتی اور ترقی کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا، پاکستان کو درپیش چیلنجز ہمارے چیلنجز ہیں۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل نے چین کی اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں علاقائی سلامتی کے امور اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چین کے وزیراعظم ، سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین ،چینی وزیر خارجہ اور چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقاتیں کیں جن میں خطے میں امن و استحکام اور مل کر کام کرنے کر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدابہار ہے، اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد کیلئے مل کر کام کریں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چینی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی خود مختاری،سلامتی اور ترقی کیلئے بھرپور تعاون کریں گے، پاکستان کو درپیش چیلنجز ہمارے چیلنجز ہیں۔ ملاقاتوں میں جنوبی ایشیاء میں امن اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں پاک چین اقتصادی راہداری پر عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے استعداد کار میں اضافہ کرتے رہیں گے۔ چینی قیادت نے اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے کردارکو سراہا اور کہاکہ سی پیک منصوبے پرتیزرفتار پیش رفت پورے خطے میں خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔