اسلام آباد : (اے پی پی) پاکستان نے استنبول کے اتا ترک ائر پورٹ پر دہشت گرد ی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان ترک عوام کے ساتھ ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ منگل کو استنبول میں اتا ترک ائر پورٹ پر دہشت گرد حملے سے ہیمں سخت صدمہ پہنچا ہے،ہم اس انسانیت سوز دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ترجمان کے مطابق پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ترکی اپنے بلند حوصلے اور عزم سے دہشت گردی کی اس لعنت کو شکست دینے میں کامیاب ہو گا ۔پاکستان نے حملے میں جا ں بحق افراد کے لواحقین اور ترک عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔