راولپنڈی:(ملت+اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل باصلاحیت ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کی نئی نسل پاکستان کو بلندیوں پر لے جائےگی۔ جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی میں آرمی پبلک اسکول اورکالجزکے طلبہ و طالبات کو ایوارڈزدینےکی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف تھے۔ آرمی چیف نے فیڈرل بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈز سے نوازا۔ تقریب سے خطاب کے دوران جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل باصلاحیت، خوشحال، روشن اورمحفوظ پاکستان کی ضامن ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کی نئی نسل پاکستان کو بلندیوں پرلے جائے گی، نوجوان پاکستان کواپنی محنت اورجذبےسےترقی کی منازل تک پہنچائیں گے، ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخرہے اورتعلیمی اداروں کو طلبہ کی کردار سازی پر توجہ دینا ہوگی۔