اسلام آباد:(اے پی پی) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے ایٹمی پروگرام کے تحفظ کے لیے عالمی معیارات کے تحت اقدام کئے ہیں اس لیے شدید دہشت گردی کی لہر کے باوجود ہمارے ایٹمی اثاثوں کو کبھی کوئی خطرہ نہیں رہا۔ اسلام آباد میں نیوکلئیر سیکیورٹی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں نیوکلئیر سیکورٹی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز ہے، نیوکلیئر سیکیورٹی پاکستان اوربھارت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اورعالمی سطح پر ایٹمی عدم پھیلاؤ کا سب سے بڑا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو خطے میں اسلحے کی دوڑروکنے کے حوالے سے کئی تجاویز دیں لیکن پاکستان کی طرف سے دی گئی تجاویز کا کبھی مثبت جواب نہیں آیا،پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن بهارت کے جارحانہ عزائم خطے کے مفاد میں نہیں۔ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کو کبھی کوئی خطرہ درپیش نہیں آیا یہاں دہشت گردوں نے بھی اس پروگرام کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی اور دہشت گردی کی شدید لہر نے بھی ہمارے پروگرام کو متاثر نہیں کیا، ہم نے تمام عالمی معیارات کو یقینی بناتے ہوئے اپنے ایٹمی پروگرام کو محفوظ تر بنایا پاکستان این ایس جی کی رکنیت کا اہل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے بھارت اور پاکستان کے درمیان امتیازی سلوک روا رکھا ہے، سیاسی اور تجارتی مقاصد کی خاطر بھارت کو استثنیٰ دیا جاتا رہا لیکن نیوکلئیرسپلائر گروپ میں رکنیت کے حوالے سے امتیازی سلوک خطے میں عدم توازن کا باعث بنے گا۔