نئی دہلی(آئی این پی)بھارت نے کہا ہے کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات رسمی نہیں اخلاقی تھی اس سے زیادہ امید نہیں کی جانی چاہیے۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ جنرل وی کے سنگھ نے راجیہ سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہاکہ بھارت اور پاکستان کے خارجہ سکریٹریوں کی حال ہی میں ہوئی ملاقات رسمی نہیں بلکہ اخلاقی ملاقات تھی۔جنرل وی کے سنگھ نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے مابین بات چیت کا ماحول بنانے کیلئے ایک عمل مسلسل جاری ہے اور حال ہی میں نئی دہلی میں خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر اور پاکستان کے سکریٹری خارجہ اعزاز چودھری کے مابین دو طرفہ میٹنگ ہوئی تھی۔انہوں نے کہاکہ یہ میٹنگ رسمی نہیں تھی بلکہ اخلاقی ملاقات تھی اور اس سے زیادہ امید نہیں کی جانی چاہئے۔