قومی دفاع

پاک بحریہ نے کثیر الملکی ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ جاپانی بحریہ کے حوالے کردی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاک بحریہ نے کثیر الملکی ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ آٹھویں مرتبہ مکمل کرلی‘ کموڈور محمد شعیب نے کمانڈ جاپانی بحریہ کے ریئرایڈمرل کے حوالے کردی۔ جمعہ کو ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحرین نے کثیر الملکی ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ آٹھویں مرتبہ مکمل کرلی۔ اس سلسلے میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈ کوارٹرز بحرین میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کموڈور محمد شعیب نے کمانڈ جاپانی بحریہ کے ریئرایڈمرل کے حوالے کی۔ تقریب کی صدارت امریکی بحریہ کے وائس ایڈمرل کیون مائیکل ڈونیگن نے کی۔ اس موقع پر کموڈور محمد شعیب نے اپنی کمانڈ کے دوران ٹاسک فورس کی کارکردگی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور کمانڈ میں شامل عالمی بحری افواج کی کارکردگی اور تعاون کو سراہا۔ کموڈور محمد شعیب نے کہا کہ بین الاقوامی امن کے لئے پاک بحریہ دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ پاک بحریہ بین الاقوامی بحری کمیونٹی میں امن و ہم آہنگی کے لئے کوشاں ہے۔ (ن غ)