قومی دفاع

پاک بحریہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کے لئے پوری طرح چوکس ہے: ایڈمرل ذکاء اﷲ

سمندری (ملت + آئی این پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اﷲ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کے لئے پوری طرح چوکس ہے‘ بحریہ نے ہمیشہ سمندری حدود میں پاکستان کی سالمیت کی حفاظت کی ہے اور ملکی سالمیت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے آبائی علاقے سمندری کے چک نمبر469 گ ب میں سوئی گیس کی فراہمی ‘ سکول کی عمارت کی تعمیر اور رورل ہیلتھ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری شہباز بابر اور مارکیٹ کمیٹی سمندری کے چیئرمین چوہدری اسلم گجر اور علاقے کے دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ انہیں اپنے آبائی علاقے میں آکر بہت خوشی ہوئی ہے اور یہاں کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور جو منصوبے بنائے گئے ہیں وہ مکمل ہوچکے ہیں۔ سوئی گیس کی فراہمی سے عوام کو فائدہ پہنچے گا جبکہ رورل ہیلتھ سنٹر کے قیام سے صحت کی سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن چوہدری شہباز بابر نے کہا کہ وہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اﷲ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ان کے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں آئے۔ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ سوئی گیس کی فراہمی‘ رورل ہیلتھ سنٹر اور سکولز کے قیام سے عوام کے بنیادی مسائل حل کئے گئے ہیں۔ اس حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں۔ بعد ازاں پاک بحریہ کے سربراہ نے چوہدری شہباز بابر کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات بھی کی اور ان کے والد چوہدری محمد شریف گجر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔