قومی دفاع

پاک بحریہ کا جنگی بحری جہاز کونشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

کراچی (ملت + آئی این پی) پاک بحریہ نے آج خشکی سے سمندر میں بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔یہ میزائل جدید ٹیکنالوجی اورایویونکس (Avionics)سے لیس ہے جو اس کو سمندر میں اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کے قابل بناتا ہے۔میزائل کا یہ کامیاب تجربہ پاکستان کے ساحلی علاقے سے کیا گیا جس میں میزائل نے سمندر میں اپنے مقرر ہ ہدف کوانتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔ میزائل کے اس تجربے کے موقع پر وائس چیف آف نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق اور پاک بحریہ کے اعلیٰ آفیسرز موجود تھے۔وائس چیف آف نیول اسٹاف نے میزائل کے کامیاب تجربے اور اس میں شامل افراد خصوصاً میزائل یونٹ کے عملے کی محنت اور کاوشوں کی تعریف کی۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اپنے پیغام میںآفیسرز اور عملے کو مبارک باد پیش کی اورکہا کہ یہ ویپن سسٹم پاک بحریہ کے آپریشنل دائرہ کار میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہے جس سے پاک بحریہ کو زمین سے سمندر میں دور فاصلے تک میزائل لانچنگ کی صلاحیت حاصل ہو چکی ہے اور اس طرح ملکی بحری دفاع مزیدمضبوط ہو گا۔