پاک بحریہ کی کارروائی، کئی ملین ڈالرز مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
کراچی:(ملت آن لائن) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے شمالی بحیرہ عرب میں آپریشن کرتے ہوئے کئی ملین ڈالرز مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پی این ایس اصلت نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 5 ہزار کلوگرام حشیش قبضے میں لے لی۔
قبضے میں لی جانے والی حشیش کو تلف کرنے کے لیے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا ترجمان کے مطابق قبضے میں لی جانے والی حشیش کو قانون کے مطابق تلف کرنے اور مشکوک افراد کو قانونی کاروائی کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک بحریہ کے جہاز کے عملے نے نامساعد حالات میں اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بے لوث لگن اور بلند حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کو اس آپریشن میں کامیابی علاقے کی کڑی نگرانی، تجزیئے اور خصوصی آپریشن کے باعث حاصل ہوئی۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بحریہ حربی تیاریوں کے ساتھ ساتھ سمندر میں مختلف نوعیت کے آپریشنز سر انجام دینے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔