پاک بحریہ کی 32 ٹن بولارڈ پل ٹگ بوٹ کی تقریب رونمائی
کراچی:(ملت آن لائن) پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے گئے 32 ٹن بولارڈ پل ٹگ کی لانچنگ تقریب کراچی شپ یارڈ میں ہوئی۔
بولارڈ پل ٹگ کی لانچنگ تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل رٹائرڈ محمد اعجاز چوہدری تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تعمیرکردہ اس ٹگ کی لمبائی 34 میٹر جبکہ وزن481ٹن اور رفتار12ناٹیکل میل فی گھنٹہ ہے۔ مہمان خصوصی نے شپ بلڈنگ کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے کردار کو سراہا۔ سیکریٹری دفاعی پیداوار نے سی پیک کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے وزیر اعظم کی جانب سے گوادر میں شپ یارڈکی منظور ی کا بھی اعلان کیا۔
پاک بحریہ کے ٹگ کی لانچنگ کی تقریب میں سینئر نیول آفیسرز سمیت اعلی سول و ملٹری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔