قومی دفاع

پاک بحریہ کے بیڑے میں تیسرا جدید اے ٹی آر ایئرکرافٹ شامل

کراچی:(آئی این پی) پاک بحریہ کے بیڑے میں تیسرا جدید اے ٹی آر ائیر کرافٹ اور بغیر پائلٹ اڑنے والا اسکین ایگل ایریل سسٹم شامل کرلیا گیا ہے۔ پاک بحریہ میں بغیر پائلٹ اڑنے والا اسکین ایگل ایریل سسٹم اور تیسرا جدید اے ٹی آر ایئر کرافٹ شامل کرلیا گیا ہے، کراچی مہران ایئر بیس پر ہونے والی تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ مہمان خصوصی تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے نئی دفاعی صلاحیتوں کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ چیف آف نیول اسٹاف نے بتایا اے ٹی آر ائیر کرافٹ کی شمولیت پاکستان نیوی ایوی ایشن وژن دوہزار تیس کا حصہ ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اے ٹی آر ائیر کرافٹ جدید سسٹمز،آٹو پائلٹ اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل چھ بلیڈڈ پروپیلرز سے لیس ہے، ائیر کرافٹ چھ گھنٹے تک مسلسل پرواز کرسکتا ہے۔