کراچی:(اے پی پی) پاکستان میں چین کے تعاون سے تیار کیا گیا تیسرا فاسٹ اٹیک کرافٹ پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا ہے۔ کراچی شپ یارڈ میں فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل کی لانچنگ تقریب ہوئی جس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سمیت پاکستان نیوی کےاعلیٰ افسران شریک ہوئے اورنیول چیف ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل تھری کا افتتاح کیا۔ پاک بحریہ کے مطابق فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل کرافٹ پاک بحریہ کے جنگی بیڑے میں شامل ہونے والا تیسرا جہاز ہے، فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹ چین کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیارکیا گیا ہے. فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹ دشمن کے ریڈارمیں نہ آنے کی صلاحیت رکھنے سمیت اپنا مشن مکمل کرکے واپس آنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔ نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ نےمیزائل بوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ محفوظ سمندری حدود پاک چین اقتصادی راہداری کیلیے لازم ہے، بحری جہازکی شمولیت سے بحری دفاع میں اضافہ ہوگا جب کہ پاک نیوی اس سلسلے میں بھرپورکردارادا کرے گی۔