پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس نصر کینیا کی بندرگاہ ممباسا اور تنزانیہ کی بندرگاہ دارالسلام کا دورہ
اسلام آباد(ملت آن لائن) پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس نصر اور پی این ایس خیبر نے کینیا کی بندرگاہ ممباسا اور تنزانیہ کی بندرگاہ دارالسلام کا دورہ کیا۔پاک بحریہ کے یہ جہاز مشرقی افریقی ممالک اور بحرِ ہند کے جزیرہ نما ممالک کے خیر سگالی اور تربیتی دورے پر ہیں۔اس خیر سگالی و تربیتی دورے کا مقصد مشرقی افریقہ کے دوست ممالک اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور حکومتِ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد کے حصول میں کردار ادا کرنا ہے۔ان مقاصد کے حصول کے لئے پاک بحریہ کے جہاز حال ہی میں سیشلز کی بندرگاہ وکٹوریا اور ماریشیئس کی بندرگاہ لوئس کا دورہ کر چکے ہیں۔تنزانیہ اور کینیا کی بندرگاہوں پر پہنچنے پر میزبان بحری افواج نے جہازوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔تنزانیہ آمد کے موقع پر تنزانیہ کی نیوی نے اپنا بحری جہاز ٹیمبو تنزانیہ کے پانیوں میں بھیج کر پی این ایس خیبر کا خیر مقدم کیا۔پی این ایس خیبر لنگر انداز ہونے پر تنزانیہ نیوی کے آفیسرز و سیلرز نے تنزانیہ میں تعینات پاکستان کے نیول اینڈ ایئر ایڈوائز اور پاکستانی ہائی کمیشن کے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پی این ایس خیبر کو خوش آمدید کہا۔کینیانیوی کے دستے نے روایتی میزبانی کے انداز میں پی این ایس نصر کا استقبال کیا۔جنوبی افریقہ میں تعینات پاکستان کے دفاعی مشیراور پاکستان ہائی کمیشن نیروبی کا عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔ممباسا بندرگاہ میں قیام کے دوران پاک بحریہ کے مشن کمانڈر، کموڈور جاوید اقبال نے پی این ایس نصرکے کمانڈنگ آفیسرکے ہمراہ کمانڈر کینیا نیوی بیس مٹونگوے بریگیڈیئر وی ایل نائیشو، ممباسا کے گورنر جناب حسن علی جوہواور ممباسا کے کنٹری کمشنر ایون اچوکی سے ملاقاتیں کیں۔ پی این ایس خیبر کے کمانڈنگ آفیسر نے تنزانیہ کے مختلف اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان حکام میں تنزانیہ پیپل ڈیفنس فورسز کے چیف، جنرل کیویو، کمانڈر تنزانیہ نیوی، ریئر ایڈمرل رچرڈ متایوبا اور تنزانیہ پیپل ڈیفنس فورسز کے نگران چیف آف آپریشنز اینڈ ٹریننگ، بریگیڈیئر جنرل ایچ ایس کمندے شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کی شخصیات نے عالمی پانیوں میں دہشت گردی اور بحری قزاقی کی روک تھام کے سلسلے میں کئے جانے والے آپریشنز میں مسلسل شرکت کے ذریعے خطہ میں امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔خیر خواہی کے روایتی جذبات کے اظہار کے طور پر پاک بحریہ کے دونوں جہازوں کے عملے نے دورہ کرنے والی بندرگاہوں پر خیراتی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا۔پی این ایس خیبر کے آفیسرز اور سی پی اوز/سیلرز نے کیگمبونی کمیونٹی آرفنج اور کیگمبونی ہیلتھ سنٹر کا دورہ کرکے خوردی اشیاء اور تحائف تقسیم کئے۔پی این ایس نصر کے آفیسرز اور سی پی اوز/سیلرز نے نور آرفنج اور لٹل سسٹرزآف دی پوئرز کا دورہ کیا اور اشیاء خودو نوش ، سکول بیگز اور اسٹیشنری پر مشتمل تحائف تقسیم کئے۔روانگی سے قبل کراچی میں تیار کئے گئے ادویات کے ڈبے بھی مقامی شہری حکومت کے نمائندگان کے حوالے کئے گئے۔ بندرگاہوں کے قیام کے دوران دونوں جہازوں پر ضیافتوں کا اہتمام کیا گیا جن میں مختلف ممالک کے سفراء، دفاعی حکام اور اہم پاکستانی شخصیات نے شرکت کی۔ پاک بحریہ کے جہازوں کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین موجود تعلقات کویقیناًمزید مضبوط بنانے کا باعث ہو گا۔