اسلام آباد.(ملت آن لائن) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے آذربائیجان سٹیٹ بارڈر سروس کے چیف کرنل جنرل الچین گلیوف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف اْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آذربائیجان سٹیٹ بارڈر سروس کے چیف کرنل جنرل الچین گلیوف نے نیو ل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لئے باہمی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ سربراہ پاک بحریہ نے خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔آذربائیجان سٹیٹ بارڈر سروس کے چیف نے بحری قزاقی اور میری ٹائم دہشت گردی کی روک تھام میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔