نئی دہلی:(آئی این پی )ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج بھارت میں ہورہی ہے، جس میں پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی ملاقات بھی متوقع ہے، کانفرنس میں شرکت سے قبل سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں بریفنگ دی۔ افغانستان کے مسئلے پر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوگی۔کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد صبح بھارت کیلئے روانہ ہوگا جس کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزازاحمد چوہدری کریں گے، کانفرنس کی سائیڈ لائن میں پاک بھارت سیکرٹریز خارجہ کی ملاقات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ روانگی سے قبل سیکرٹری خارجہ نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اور انہیں پاک بھارت تعلقات پر بریفنگ دی ،ملاقات میں قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنوعہ بھی شریک تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ امن کی خواہش کا اعیادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے۔پاکستان کا ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں فعال کردارافغانستان میں دیرپا امن واستحکام کیلئے اسکی سنجیدگی کا اظہارہے،خطے کے ہمسایہ ممالک اورعلاقائی امن واستحکام کے دیرپا فروغ کیلئے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس دوہزارگیارہ میں قائم کیا گیا۔کانفرنس گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان میں ہوئی تھی اور اب یہ بھارت میں ہورہی ہے۔