نئی دہلی(آئی این پی ) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی قیادت مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے پر عزم ہے ،تاہم اسلام آباد اب بھی خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کی بحالی کیلئے نئی دہلی کے جواب کا منتظر ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے ارکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پٹھانکوٹ ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان مواصلاتی رابطہ اچانک ختم نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امن عمل کو آگے لیکر جانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جنوبی ایشیائی خطے کو دہشت گردی ،بھوک اور غربت سے چھٹکارا مل سکے ۔ا س سے قبل عبدالباسط کا آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے سربراہ نوید حامد اور سیکرٹری جنرل مجتبیٰ فاروقی سمیت ارکان کی طرف سے خیر مقدم کیا گیا ۔پاکستانی ہائی کمشنر کے بیان سے قبل بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وقاص سورب نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل معطل نہیں ہوا ہے ۔