کراچی : پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کو دورہ ترکی کے دوران اعلیٰ ترین ترکی کے اعزاز ’لیجن آف میرٹ‘ سے نوازا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے انقرہ میں ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل حسن کیچیکا کیاز نے کیا۔ اس موقع پر ایئرچیف کو ترک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تقریب کے دوران ترکی کے فوجی اعزاز لیجن آف میرٹ سے بھی نوازا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل حسن کیچیکا کیاز سے بھی ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پرگفتگو کی گئی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا کہ دونوں ممالک میں برسوں پرمحیط قابل رشک تعلقات ہیں۔
ترک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل حسن کیچیکا کیاز نے دونوں ممالک میں دفاعی، سیکیورٹی تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک میں باہمی تعاون، دفاعی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔