اسلام آباد(آئی این پی )پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ہائی مارک مشقوں کے سلسلے میں ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہیں ہائی مارک کے پہلے مرحلے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دورے کا مقصد رواں ہفتے شروع ہونے والی ہائی مارک مشقوں میں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کا معائنہ اور تربیتی معیار کاجائزہ لینا تھا۔ پاک فضائیہ کے سر براہ نے ان مشقوں میں حصہ لینے والے Combat Crew سے ملاقات کی اور ان کو دی گئی ذمہ داریوں کو بہ احسن طریقے سے انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم اس مادر وطن کی حفاظت وسالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاک فضائیہ کا ہر فرد اس پاک سرزمین کی حفاظت کو اپنا ایمان تصور کرتا ہے اور پاک فضائیہ کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے