سربراہ پاک فضائیہ کیلئے کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ایوارڈ
ریاض:(ملت آن لائن) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کو سعودی عرب کی جانب سے کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو ایوارڈ سے نوازا اور میڈل پہنایا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے پاکستان میں انسداد دہشت گردی آپریشنز میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی اور رائل سعودی فضائیہ کو اپنے ملک میں ملٹری اور ہوابازی کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی۔ ترجمان کے مطابق ایئر چیف نے سعودی عرب کی وزارت دفاع کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سعودی نائب وزیر دفاع محمد عبداللہ العیش سے ملاقات کی۔ سعودی نائب وزیر دفاع نے رائل سعودی فضائیہ کے ساتھ پاک فضائیہ کے دیر پا تعاون اور دونوں فضائی افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے دی گئی خدمات پر ایئر چیف مارشل سہیل امان کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دو طرفہ دفاعی امور پر گفتگو کی گئی۔ ایئر چیف سہیل امان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔