اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) آج کا دن پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق ملٹی رول نمبر 9 سکواڈرن کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب اس کو رائل فضائیہ کے مشہور زمانہ نمبر 9 سکواڈرن کا جڑواں قرار دیا گیا۔ اس سلسلے میں پی اے ایف بیس مصحف پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئر اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر رائل پاکستان ائیر فورس کے چار برطانوی سربراہوں کی نوآموز فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں ان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان قائدین کی شاندار روایات کی تقلید کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے آنے والے سربراہان نے اس کو پاکستان کی ایک مہلک فضائی قوت میں تبدیل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فضائی افواج کے نمبر 9 سکواڈرنز اپنے آغاز سے ہی شاندار تاریخ کے حامل ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں سکواڈرنز کی یہ رفاقت ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئر نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اور اپنے ملک کا پرچم سر بلند کر چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں مشہور سکواڈرنز کی یہ رفاقت ان کی قابلیت میں مزید بہتری پیدا کرے گی۔ او ر ایک مستحکم بنیاد فراہم کرے گی جس سے اپنے پیش روؤ ں کی اعلی تاریخ کو بڑھانے میں مدد حاصل ہو گی۔ قبل ازیں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئر نے چار F۔16 طیاروں کی فارمیشن کا فلائی پاسٹ دیکھا جس کے بعد F۔16 طیارے نے ائیروبیٹکس کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ اس عظیم موقع کو مزید یادگار بنانے کے لیے دونوں فضائیہ کے سربراہان نے دو مختلف جہازوں میں بیٹھ کر فلائنگ مشن میں حصہ لیا۔یہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی غیر ملکی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ ایک فضائی مشن میں شرکت کی۔ اس تقریب میں سابقہ سکواڈرن کمانڈرز اور اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ رائل فضائیہ کا نمبر 9 بمبار سکواڈرن 1914 ء میں قائم ہوا اور آج تک کئی محاذوں پر اپنی خدمات سر انجام دے چکا ہے۔ پاتھ فائنڈرز کے نام سے پہچانا جانے والا یہ سکواڈرن آج کل ٹارنیڈو لڑاکا طیاروں سے لیس ہے۔پاک فضائیہ کا نمبر 9 ملٹی رول سکواڈرن 1943 ء میں رسالپور کے مقام پر قائم ہوا اور اس سکواڈرن نے سکواڈرن لیڈر اصغر خان کی قیادت میں برما کے مقام پر دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا۔ ایک شاندار تاریخ کا حامل یہ سکواڈرن پاک بھارت جنگوں اور افغان جنگ میں بھی ہراول دستے کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے چکا ہے۔