پاک فضائیہ کے نئے فوجی اڈے بھولاری کا افتتاح
کراچی:(ملت آن لائن) کراچی کے قریب پاک فضائیہ کے نئے فوجی اڈے بھلاری کا افتتاح کردیا گیا جس کے ذریعے ساحلی پٹی پر بحری دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ پاک فضائیہ کے ایک اعلامیے کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی ایئرچیف سہیل امان جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مہمان اعزازی تھے۔ اس موقع پر ایئر چیف نے کہا کہ ایئربیس پاک فوج کے زمینی آپریشنز کے لیے معاون ثابت ہوگا جبکہ یہ پاک بحریہ کے میری ٹائم آپریشن میں بھی مددگار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھلاری ایئربیس سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی، اس سے بری اوربحری دفاع مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی اڈہ نہ صرف پاکستان کی فضائی دفاع میں اضافہ کرے گا بلکہ اس علاقے کی سماجی بہبود کے نقطہ نظر سے بھی اہم ہوگا کیوں کہ اس کے ذریعے یہاں پر صحت کی سہولیات مہیا کی جائیں گی، بہترین تعلیمی سہولیت میسر ہوں گی جبکہ مقامی افراد کو نوکریاں بھی ملیں گی۔ اس موقع پر ایف 16 طیاروں نے شاندار مظاہرہ بھی کیا۔