‘ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے’
رسالپور (ملت آن لائن) ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ نے قربانیاں دیں اور قیام امن کے لئے بھی پاک فضائیہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ایئرچیف مارشل نے کہا کہ پاکستانی اور کویتی فضائیہ کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ممالک کی فضائیہ میں تعاون وسیع ہورہا ہے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہاں کویتی کیڈٹس کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا، کامیاب ہونے والے کیڈٹس مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی تربیت سے کیڈٹس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر کویتی کمانڈر نے کہا کہ تقریب میں شرکت سے خوشی محسوس ہورہی ہے، پاکستان اور کویت کے عوام مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مضبوط رشتے سے جڑے ہیں، دونوں ممالک کی فضائیہ افواج میں وسیع تعاون موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب تربیت پر تمام کیڈٹس کو مبارکباد دیتا ہوں، کیڈٹس بھرپور توانائیاں بروئے کار لا کر فرائض سر انجام دیں۔