خیرپورٹامیوالی: (ملت+اے پی پی) پاک فوج اور فضائیہ کی مشترکہ جنگی مشقیں رعد البرق جاری ہیں جس میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہتھیاروں کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیر پور ٹامیوالی میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کی مشترکہ جنگی مشقوں کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، اسپیکر قومی اسمبلی، وزیر دفاع، وزیر خزانہ، قومی سلامتی کے مشیر اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر چین اور دیگر ملکوں کے فوجی مبصرین نے بھی مشقوں کا معائنہ کیا۔ مشقوں سے قبل لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم نے شرکا کو بریفنگ دی جس میں انہوں نےں رعد البرق مشقوں کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مشقیں کس طرح پاک فوج کی استعداد کار اور صلاحیت میں اضافہ کریں گی۔ مشقوں کے معائنے کے دوران پاکستانی ساختہ الخالد ٹینکوں، زمین سے فضا میں مار کرنے والے راکٹ لانچرز، جے ایف تھنڈر 17 طیاروں، کوبرا گن شپ اور زیڈ ٹین ہیلی کاپٹرز سمیت دیگر سامان حرب نے اپنے اہداف کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔