واشنگٹن (اے پی پی) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جو آپریشن کر رہا ہے ہم اسکو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا پاکستانی افواج پر لگائے جانے والے ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں کہ وہ اچھے طالبان اور برے طالبان کے درمیان تفریق کر کے کارروائیاں کر رہی ہے ۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستانی افواج دہشت گردوں کے قلع قمع کے لیئے بلا امتیاز کارروائیاں کر رہی ہے اور ہم اس کوششوں کو سراہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کمانڈر عمر شیشانی کی ڈرون حملے میں ہلاکت نے دہشت گردوں کو کافی نقصان پہنچایا ہے ، عمر شیشانی انسان کے روپ میں درندہ تھا اور اس نے پشاور میں معصوم بچوں کی جس اذیت ناک طریقے سے جان لی ، کوئی بھی درد دل رکھنے والا انسان ایسا ظلم نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر بتا دینا چاہتے ہیں کہ دہشت گرد دنیا کے جس خطے میں بھی پائے گے ہم انکا صفایا کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسزز ایک عرصے سے حالت جنگ میں ہیں اور ان کی کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف ہماری پالیسی ایک ہی ہے ۔ مارک ٹونر نے جنرل راحیل شریف کی جرات مندانہ کوششوں کی بھی تعریف کی ، لیکن انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے لوگوں کی ہلاکت پر بھارت کی مذمت کرنے سے انکار کر دیا اور اس سوال کو وہ ٹال گے ۔