راولپنڈی (ملت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے ، پر خلوص میزبانی پر امیر قطر کا شکر گزار ہوں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کویت میں امیر قطر شیخ تمیم حماد الثانی سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی ۔ امیر قطر نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں ۔ امیر قطر نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں ۔ علاقائی سلامتی میں پاکستان کا کردار انتہائی مثبت ہے ، قطری افواج کو مضبوط بنانے میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پرخلوص میزبانی پر امیر قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ قطر کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں ۔ (ار)