راولپنڈی (ملت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاک فوج مادر وطن کی حفاظت اوردفاع کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کرے گی،ایک بہتر منظم ،محفوظ اور پرامن سرحد دونوں برادر ممالک کے مفادباہمی میں ہے ،ملک کو فسادیوں سے پاک کرنے کی کوششوں میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے ،پاک افغان بارڈ پر باڑ لگانے کا عمل شروع ہوچکا ہے اوراس سلسلے میں باجوڑ اور مہمند ایجنسی کے سرحدی علاقے ہماری ترجیح ہیں،فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنا قومی مفاد میں ہے۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند اور اورکزئی ایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقے کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو سرحدی سیکیورٹی انتظامات ،سرحد پار سے حالیہ دہشت گردحملوں اور دہشتگردی کے خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے سوران اور کلایا میں جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عظیم جذبے، آپریشنل تیاریوں اورسرحد پار سے حالیہ حملوں پر موثر جواب کو سراہا ۔آرمی چیف نے اہم دہشت گرد سمیت پانچ شدت پسندوں کی ہلاکت اور آپریشن کے دوران میجر مدثر اوردو دیگر سپاہیوں کی شہادت کو سراہا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کو فسادیوں سے پاک کرنے کی کوششوں میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک افغان بارڈ پر باڑ لگانے کا عمل شروع ہوچکا ہے اوراس سلسلے میں باجوڑ اور مہمند ایجنسی کے سرحدی علاقے ہماری ترجیح ہیں ۔سرحد پر نگرانی کیلئے جدید آلات استعمال کر رہے ہیں اور باقاعدگی کے ساتھ فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی حفاظت اوردفاع کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کرے گی ۔افغان حکام کے ساتھ دوطرفہ سرحدی سیکورٹی میکنزم تیار کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔انھوں نے کہاکہ ایک بہتر منظم ،محفوظ اور پرامن سرحد دونوں برادر ممالک کے مفادباہمی میں ہے جنھوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔آرمی چیف نے کہاکہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنا قومی مفاد میں ہے ۔علاقے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے تیزی سے ترقیاتی کام بھی جاری ہیں۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے استقبال کیا۔