پاک فوج نے کسی امتیاز کے بغیر تمام دہشتگردوں کا صفایا کیا: آرمی چیف
راولپنڈی: (ملت آن لائن) آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں۔ آرمی چیف سے سری لنکا کی عسکری قیادت نے ملاقاتیں کیں۔
آرمی چیف سے سری لنکن عسکری حکام کی ملاقاتوں میں دونوں ملکوں میں دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور دہشت گردوں کو شکست دینے کا عزم کیا گیا۔
سری لنکن حکام سے گفتگو کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج نے کسی امتیاز کے بغیر تمام دہشتگردوں کا صفایا کیا، آپریشن ردالفساد کے ذریعے ملک بھر میں کارروائی کر رہے ہیں اور دنیا میں صرف پاکستان اور سری لنکا ہی دہشتگردوں کو شکست دینا جانتے ہیں۔
سری لنکا کی عسکری قیادت نے سری لنکا میں دہشتگردی کے خاتمے میں مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔ آرمی چیف کو سری لنکن سروسز ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔