پاک فوج کی ایل او سی پر جوابی کارروائی، دو بھارتی فوجی ہلاک
کراچی:(ملت آن لائن) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرکے بچے کو شہید کرنے والی بھارتی چیک پوسٹ کو تباہ کر کے دو فوجیوں کو بھی ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے والی بھارتی پوسٹ کو تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی کارروائی میں دو بھارتی فوجی ہلاک بھی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تباہ ہونے والی بھارتی پوسٹ سے ایل او سی پر کمسن بچے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے قریب جاجوٹ گاؤں میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گن کا استعمال جاری ہے جبکہ اور ایل او سی پر معصوم نہتے شہریوں کو بیدردی سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارتی فوج کی بربریت نے ایل او سی پر 8 سالہ ایان کی جان لے لی اور عام شہریوں کے خلاف یہ کارروائیاں بھارت کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کرتی ہیں۔
پاک فوج کی ایل او سی پر جوابی کارروائی، 5 بھارتی فوجی ہلاک
خیال رہے کہ چندروز قبل بھی بھارتی فوج نے ایل او سی پر ایک اسکول وین کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں وین کا ڈرائیور شہید اور متعدد طالبات زخمی ہو گئی تھیں۔ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے وین کو نشانہ بنانے والی چیک پوسٹ کو تباہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔