اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پاکستان اور امریکہ دفاعی مشاورت کے پچیسویں اجلاس میں فریقین کا خطے میں قیام امن اور سلامتی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پاک امریکہ دفاعی مشاورتی گروپ کا پچیسواں اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں باہمی تعاون اور مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ خطے کو درپیش خطرات سے نمٹا جا سکے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ اورشدت پسندوں کی سرکوبی میں باہمی شراکت داری نے اہم کردارادا کیا ہے جب کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پاک فوج کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ پاک امریکہ دفاعی مشاورتی گروپ میں پاکستانی وفدکی قیادت سیکریٹری دفاع ضمیر الحسن شاہ نے اور امریکی وفدکی قیادت نائب وزیردفاع ڈیوڈشیئر نے کی اس موقع پرامریکی وفد کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی کارروائیوں سے پاک افغان سرحد پرسیکیورٹی بہترہوئی ہے اجلاس کے اختتام پر مشترکہ طور پر تیار کردہ لائحہ عمل میں طے پایا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہر صورت جاری رکھی جائے گی۔