پارا چنار:( اے پی پی )پاک فوج کے بریگیڈیئر محمد علی نے کہا ہے کہ پاک فوجکے جوانوں نے بے مثال قربانیاں دے کر بہادری سے وطن کا دفاع کیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔پاراچنار میں فرنٹئیر کور کے500جوانوں کی 6 ماہ کی تربیت مکمل ہونے کے موقع پر پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر محمد علی نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت محسوس ہوئی یا دہشت گردوں کوجواب دینے کا موقع ملا ہے پاک فوج کے جوانوں نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح جرات مندی کا مظاہرہ کر کے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا ۔ اس موقع پر پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی اکرام اللہ خان ، کمانڈنٹ کرم ملیشیاء کرنل عمر ملک ، پاک فوج کے کرنل طارق رشید اور دیگر سول و فوجی حکام ، سکولوں کے بچوں اور قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور فرنٹئیر کور کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ مہمان خصوصی بریگیڈیئر محمد علی نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں زیراب علی طوری ، عثمان خان آفریدی ، شکیل خان خٹک ، نور حکیم اور محمد دانش خٹک میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔