اٹک: (ملت+اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹک کے قریب بہادر رینجرز کا دورہ کیا اور گزشتہ دو ہفتوں سے جاری پاک اردن مشترکہ فوجی مشقوں کا جائزہ لیا اور دستوں میں شریک افسران اور اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنگ کی نوعیت اور انداز تبدیل ہو چکے ہیں۔ براہ راست جنگ اب ترجیح نہیں رہی۔ انہوں نے فجر الشرق ون مشقوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مشقیں فوجی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ مشقوں سے انسداد دہشتگردی آپریشنز میں مہارت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج خطرات کا بھرپور طریقے سے جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان کے کامیاب انسداد دہشتگردی آپریشنز دنیا کیلئے سٹڈی کیس ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جیتی جنگ کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں باہمی تعاون اور مفاد کا ذریعہ ہیں۔ آرمی چیف نے اس موقع پر اردن کے دستے کی مشقوں میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی حصہ لیتے رہیں گے۔