لاہور (آئی این پی )پنجاب کے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور پاکستان کے لئے عظیم تحفہ ہے۔چین کے صدرنے ون بیلٹ، ون روڈ کا نظریہ دے کر ایک نئی سمت مقرر کی ۔ لاہور میں چینی صحافیوں کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں چینی قونصل جنرل اورلیگی رہنما بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کااس موقع پر کہنا تھا کہ عظیم قیادت کے باعث چین نے انتہائی تیز رفتاری سے ترقی کی منازل طے کیں، آج دنیا چین کے بغیر نہیں رہ سکتی۔ شہباز شریف نے کہاکہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تاریخ کا دھارا بدل دے گا، اس منصوبے کے لئے چین نے دوسری قسط بھی جاری کر دی ہے۔ چینی قونصل جنرل نے شہبازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور پنجاب کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔