بیجنگ: (اے پی پی) پاکستان اور چین کی فضائیہ نے مشترکہ مشقیں شروع کردی ہیں جو رواں ماہ کے اختتام تک جاری رہیں گی۔ چین کے محکمہ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی فضائیہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑھانا اور تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے، پاکستان کی فضائیہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں کو ’شاہین فائیو‘ کا نام دیا گیا ہے جو 30 اپریل تک جاری رہیں گی۔ پاک فضائیہ کے سیکنڈ ان کمانڈر محمد اشفاق آرائیں نے 2 روز قبل اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ پہلے پاکستان کی فضائیہ کا انحصار امریکا کے تیار کردہ ایف سولہ طیاروں پر تھا لیکن ان طیاروں کو معاشی طور پر مہنگا تصور کیا جاتا ہے اس لئے ہم چین کے تعاون سے جے ایف 17 تھنڈر طیارے بنانے پر زور دے رہے ہیں۔