اسلام آباد:ا(اے پی پی) برطانیہ کے پاکستان میں نئے ہائی کمشنرتھامس ڈریو نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان کے استحکام کے لیے بہت ضروری ہے، جنوبی ایشیا میں بے شمار قدرتی وسائل ہیں،اگرافغانستان میں امن ہو گا تو اس کافائدہ پورے خطے کو ہو گا۔ ایک انٹرویومیں ہائی کمشنرتھامس ڈریو نے کہا کہ بلا شبہ یہ خطہ بہت اہم ہے اور یہاں رونماہونے والی تبدیلیاں پوری دنیا کے لیے اہمیت رکھتی ہیں، پاکستان کو پوری دنیا میں اہم حیثیت حاصل ہے،برطانیہ نے ہمیشہ آگے بڑھ کر پاکستان کی مدد کی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون میں اضافے کا رجحان بھی جاری ہے۔ انھوں نے کہاکہ برطانیہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی مکمل سپورٹ کرتاہے،برطانیہ پاکستان کے ساتھ طویل المیعاد تعلقات چاہتاہے، برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کا کلیدی کردارہے۔