اسلام آباد :(اے پی پی)چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ پاک چین کثیر جہتی تعلقات کے باعث دفاع ،معیشت ثقافت اور تعلیم کے شعبے میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک ان شعبوں میں مزید اضافہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنما پاک چین اقتصادی راہداری کو دوپیش سکیورٹی کے مسائل کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں کیونکہ یہ منصوبہ دونوں ممالک سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ مسعود خالد نے کہا ہے کہ چینی قیادت پاکستانی فوج کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف حاصل کی جانے والی کامیابیوں اور آپریشن ضرب عضب میں اہداف حاصل کرنے اور عظیم قربانیوں کی مترف ہے اور دونوں ممالک مل کردہشتگردی اور انتہا پسندوں کے خلاف تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی منصوبوں کی اعلی مثال پاک چین مشترکہ کاوشوں سے تیار کیا جانے والا جے ایف تھنڈر17 اور چین کی جانب سے پاک بحریہ کو فراہم کیا گیا نیول فریگٹس ثابت کرتے ہیں کہ دونوں ممالک دفاع کے شعبہ میں تعاون کو جاری رکھے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بیجنگ اور اسلام آباد افغانستان کے باری میں ایک جیسے خیال رکھتے ہیں اور پاک چین کثیر جہتی تعلقات خطے ترقی میں اہم کردار ادا کرینگے۔