لاہور۔10 اکتوبر(اے پی پی )ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمر جنسی سرو س(ریسکیو1122 ) میاں محسن رشید نے محرم الحرام کے موقع پر ریسکیوسروس فراہم کرنے کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کربلا گامے شاہ اور موچی گیٹ کا دورہ کیاہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر احمد رضا نے ریسکیو 1122لاہور کی طرف سے کئے گئے تمام انتظامات کے متعلق بتایا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب ایاز اسلم کے ہمراہ ریسکیو 1122ہیڈ کوارٹرز سے سینئرز آفیسرز اور لاہور کے آفیسرز بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر احمد رضانے بتایا کہ لاہورمیں ریسکیو1122کی 31ایمرجنسی ایمبولینسیز،16 فائر وہیکلز،05ریسکیو وہیکلزکے اور 06سپیشل ریسکیووہیکلزبروقت ایمرجنسی سروس فراہم کرنے کیلئے الرٹ رہیں گے جبکہ 50موبائل پوسٹیں شہر کی تمام اہم امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے ہمراہ رہیں گی۔ ان انتظامات کے ساتھ ساتھ 35سپیشل ریسکیوایمرجنسی پوائنٹ بنائے گئے ہیں جن میں قابل ذکر امام بارگاہ بھیکے وال موڑ،بھاٹی چوک،نیاز بیگ گاؤں،علی رضاآباد،اے اور ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن،اسلام پورہ پروسیشن، رنگ محل چوک، جعفریہ کالونی،اڈا شابل ہنڈوگاؤں،سمن آباد،چونگی امرسدھو،کوٹھہ پنڈ،نشاط کالونی/آر -اے بازار،کیولری گراؤنڈ،نشتر ٹاؤن،باٹا پور آٹوکی اعوان، عزیز پلی،لال پُل مغلپورہ اورامامیہ کالونی شاہدرہ ہیں۔ڈی جی ریسکیو میاں محسن رشیدنے میڈیا کو بتایا کہ پورے پنجاب میں محرام الحرام میں 7000ریسکیورز 637ایمرجنسی وہیکلز ہمہ وقت ایمرجنسی سروس فراہم کرنے کیلئے تیار رہیں گی ۔اس مقصدکے تحت پنجاب کے تمام اضلاع لاہور ،راولپنڈی ،ملتان ، فیصل آباد ،بہاولپور،ڈیرہ غازی خان،رحیم یار خان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مظفرگڑھ، راجن پور، بہاولنگر، میانوالی، پاکپتن ،اٹک،جہلم،قصور،گجرات،وہاڑی، چکوال ، اوکاڑہ، حافظ آباد، شیخوپورہ، لودھراں، ننکانہ صاحب، خوشاب ، منڈی بہاوالدین، نارووال، لیہ، بھکر ،خانیوال اور چینیوٹمیں ریسکیو1122 کے جوانوں کی چھٹیاں محدود کرکے اُن کی مخصوص ایمرجنسی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں ۔تمام موبائل پوسٹیں اور ایمر جنسی ایمبو لینسیزاعزادارین کوبروقت طبی امداد مہیا کرنے کے لیے میڈیکل کٹس کے ساتھ ماتمی جلوسوں کے ہمراہ رہیں گی۔ایمرجنسی آفیسر اور ٹرینڈ ڈاکٹرز تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل ،پنجاب ایمر جنسی سرو س(ریسکیو1122 ) میاں محسن رشیدنے کہا کہ اس طرح کے عوامی اجتماعات کے لیے ایسے انتظامات بہت ضروری ہیں تاکہ اگر خدانخواستہ کوئی ایمر جنسی صورتِ حال پیداہو تو اس سے بھی فوراً نبردآزماہوا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً 1122 پر کال کریں کیونکہ بروقت کال ہی بروقت ریسکیو کو یقینی بناسکتی ہے۔