کراچی: (اے پی پی) کراچی کے پی اے ایف میوزیم میں یادگار شہداء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ شہداء نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ یادگار شہداء سے نوجوانوں کو تاریخ کی اہمیت کا اندازہ ہوگا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہداء نے تاریخی کارناموں کے ذریعے ہم پر بھی بھاری ذمہ داری عائد کر دی ہے۔ پاک فضائیہ کا ہر جوان اور افسر شہیدوں کے نقش قدم کی خواہش رکھتا ہے۔ پی اے ایف ملک کا پرچم ہمیشہ سر بلند رکھے گی۔ تقریب میں شہداء کے لواحقین اور نشان حیدر کا اعزاز پانے والے راشد منہاس شہید کی والدہ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ائیر چیف مارشل نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑحائی جبکہ جوانوں نے سلامی بھی پیش کی۔