کوئٹہ۔(ملت آن لائن)کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پوری قوم کواپنے شہداء پرفخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کانذانہ پیش کرکے وطن عزیز کے تحفظ وسلامتی اوربحالی امن کیلئے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی، شہداء کے لواحقین کوتنہا نہیں چھوڑیں گے اورانہیں درپیش تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سکیورٹی فورسز کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمانڈرسدرن کمانڈ نے کہا کہ بلوچستان پولیس کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے جدید خطوط پرپیشہ وارانہ تربیت دی جارہی ہے جس سے پولیس کی کاکردگی میں بتدریج بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہاکہ آج پورے پاکستان میں ہرفرد کاایک ہی نعرہ ہے کہ ہمیں پاکستان سے پیار ہے۔ قبل ازیں کمانڈرسدرن کمانڈ لفینینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سیکورٹی فورسز کے شہداء کے لو احقین سے فرد اً فرداً ملاقات کی اوران کے مسائل سنے ۔