قومی دفاع

پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات سے منسلک این آئی اے کے مسلمان افسر تنزیل احمد کاقاتل گرفتار

نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی ریاست اترپردیش کی پولیس نے پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات سے منسلک بھارتی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کے مسلمان افسر تنزیل احمد کے قتل کے ملزم کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تنزیل احمد کے قتل کا ملزم ان کا قریبی رشتہ دار ہے ۔ تنزیل احمد کے قتل کے ملزم کو مقامی انٹیلی جنس یونٹ کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی بناء پر گرفتار کیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تنزیل احمد کے قتل کے معاملے کو حل کرنے کے بہت قریب پہنچ چکی ہے ۔ تنزیل احمد کے خاندان کے ایک اہم رکن نے قتل کی منصوبہ بندی کی اور ایک کنٹریکٹ کلر کی مدد سے تنزیل احمد کو قتل کرایا ۔ واضح رہے کہ پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات سے منسلک این آئی اے کے افسر تنزیل احمد کو چند روز قبل اس وقت فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ عدالت کے باہر ایک قریبی عزیز کی شادی سے واپس آرہے تھے ۔ دو موٹر سائیکل سوار ملزموں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہو گئے جب کہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی تھیں۔