نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے کہا ہے کہ پٹھانکوٹ واقعے پر پاکستانی حکام اور اسٹیبلشمنٹ کو کلین چٹ نہیں دی گئی ، واقعے کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں اس سلسلے میں کلین چٹ یا کسی وضاھت کا کوئی سوال ہی پید ا نہیں ہوتا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے این آئی اے کی سربراہ شرد کمار کی جانب سے پاکستان کو پٹھانکوٹ کے واقعے میں کلین چٹ دینے کے حوالے سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پٹھانکوٹ حملے کے حوالے سے ابھی تک کوئی بھی حتمی بات سامنے نہیں آئی کہ کیا پاکستانی حکومت سے تعلق رکھنے والا کوئی گروپ اس واقعے میں ملوث تھا یا نہیں اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے سربراہ شرد کمار نے پٹھانکوٹ واقعے کے حوالے سے پاکستان کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا تھاکہ اس واقعے میں پاکستانی حکومت یا اسکی کسی ایجنسی کے ملوث ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے ۔