اسلام آباد:(آئی این پی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پٹھان کوٹ واقعے کے سیکورٹی فورسز سے تعلق رکھنے والے عینی شاہدین کو بھارت نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعے کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے پاکستانی ٹیم نے گزشتہ ماہ کی ستائیس تاریخ سے رواں ماہ کی یکم تاریخ تک بھارت کا دورہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ کیا اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سیکورٹی فورسز سے تعلق رکھنے والے عینی شاہدین کو پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے دورے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔