اسلام آباد(آئی این پی)بھارت کی جانب سے پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے پاکستان کی مشترکہ تفتیشی ٹیمکو ویزے جاری کردئیے گئے ہیں جس کے بعد مشترکہ تفتیشی ٹیم (آج) اتوار کو بھارت جائے گی۔ پاکستانی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (آج)27مارچ کو نئی دہلی پہنچے گی اور (کل) پیر28مارچ کو پٹھان کوٹ میں اپنا کام شروع کرے گی۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے ائیر بیس کے اندر محدود رسائی دی جائے گی، تکنیکی علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی، نہ ہی پاکستانی ٹیم گورداس پورکے ایس پی اور ان کے ساتھیوں سے ملاقات کرسکے گی۔بھارت جانے والی پانچ رکنی جے آئی ٹی کے کنوینر کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے اے آئی جی رائے طاہرہیں، ٹیم کے ارکان میں لیفٹیننٹ کرنل تنویراحمد،لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا، عظیم ارشداورشاہد تنویرشامل ہیں۔2 جنوری کو پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے میں بھارت کے 6 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 6 حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔بھارت نے الزام لگایا کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی ہے۔